کراچی: مبینہ مقابلوں کے دوران زخمیوں سمیت 10 ملزم گرفتار، 4 اہلکار بھی پکڑ لیے

Published On 12 December,2023 06:39 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مختلف علاقوں میں 6 مبینہ مقابلوں کے دوران زخمیوں سمیت 10 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا، 4 اہلکار بھی حراست میں لیے گئے ہیں۔

انڈسٹریل ایریا میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک زخمی سمیت 3 ملزمان کو حراست میں لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی، ملزمان کی شناخت بلاول، محمد اسماعیل اور محمد رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔

کراچی کے علاقے کلفٹن میں فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا جہاں مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

لانڈھی، نیو کراچی اور کچا پکا روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جس کے دوران 2 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا، ملزموں سے اسلحہ برآمد کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔

ادھر کراچی کے علاقے بلال کالونی میں بھی فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا، ملزموں سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

بلال کالونی میں ہی مبینہ مقابلے کے دوران خاتون کی ہلاکت میں ملوث چار اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا، چند روز قبل فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر خاتون جاں بحق ہو گئی تھی۔