بورے والا : (دنیانیوز ) پنجاب کے شہر بورے والا میں بیوی اور بچوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنانے والا ملزم پولیس کی تحویل میں مبینہ طور پر ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم قاضی احمد نے اپنی بیوی بچوں کو 3 ماہ سے یرغمال بنا رکھا تھا ، ملزم نے چھری کے وار کرکے بیٹی کی آنکھیں بھی ضائع کر دی تھیں۔
پولیس نےچارروز قبل 15 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد بیوی اور بچوں کو بازیاب کراتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ رات ملزم کو اس کے گھر سے خنجر اور پستول کی برآمدگی کے بعد واپس لے جایا جا رہا تھا کہ اس نے پولیس کانسٹیبل سے سرکاری بندوق چھیننے کی کوشش کی جس کے دوران کشمکش میں گولی چل جانے سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی ملزم کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی چل بسا۔
واضح رہے کہ ملزم قاضی احمد نے اپنی بیوی شاہین، 6 سالہ بیٹے علی، 13 سالہ بیٹی ایمن فاطمہ، 10 سالہ بیٹی عدن فاطمہ اور 8 سالہ بیٹی فاطمہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس کی 13 سالہ بیٹی ایمن فاطمہ کی آنکھیں ضائع ہو گئی تھیں۔
اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے متاثرہ ماں اور بیٹی کے فوری علاج کے لیے محکمۂ صحت پنجاب کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے تھے اور میو ہسپتال لاہور جا کر ان کی عیادت بھی کی تھی۔