چشتیاں: (دنیا نیوز) دریائے ستلج میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث دلہ عاکوکا کے مقام پر حفاظتی بند ٹوٹنے سے ملحقہ بستیوں میں سیلاب آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے چشتیاں کے علاقے دلہ عاکوکا میں عارضی حفاظتی بند ٹوٹ گیا، بند ٹوٹنے سے متعدد آبادیوں کا زمینی راستہ کٹ گیا، سیلابی پانی دریائی پٹی سے ملحقہ درجنوں بستیاں میں داخل ہونے سے متاثرہ علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ، انتظامیہ الرٹ
ریسکیو ٹیموں نے پانی میں پھنسے 900 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے، پانی مزید بڑھنے سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت جاری کر دی گئی، سیلابی پانی سے کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔
عارف والا میں بھی دریائے ستلج کے ملحقہ کنڈ قابل کے مقام پر اوور فلو ہونے سے سیلابی ریلہ نورا رتھ بند کے ساتھ ٹکرا گیا، خستہ حال، جگہ جگہ سے دراڑیں پڑ جانے سے بند ٹوٹنے کا خدشہ ہے، ایسی صورت میں قصبہ چوک مرلے اور دیگر بڑے علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی توجہ دلانے کے باوجود بند مضبوط نہیں کیا جا رہا، ہنگامی بنیادوں پر نورا رتھ بند کو مضبوط کیا جائے۔