ساہیوال: لین دین کا تنازعہ،بااثر زمیندار نے بچوں پر پٹرول چھڑک کرآگ لگا دی

Published On 01 November,2020 09:03 pm

ساہیوال: (دنیا نیوز) لین دین کے تنازعہ پر بااثر زمیندار نے بچوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے پانچ سالہ عبدالرحمن اور 3 سالہ نمرہ بری طرح جھلس گئے۔

ساہیوال کے علاقے میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے جہاں بااثر زمیندار نے لین دن کے تنازع پر دو بچوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے دونوں بچے بری طرح جھلس گئے۔ بچوں کے نام پانچ سالہ عبدالرحمن اور تین سالہ نمرہ بتائے جا رہے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے دونوں بچوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ بچوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے بعد بااثر زمیندار جاوید اور اس کا بیٹا فرار ہو گئے۔ والد نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی بااثر ملزمان کے ساتھ ساز باز ہے جس کی وجہ سے ان کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے گریزاں ہے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ساہیوال میں بچوں کو جلانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو جلانے کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ ملزم جتنا مرضی بااثر ہو، سزا سے نہیں بچ سکتا۔ انہوں نے انتظامیہ کو بچوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب انعام غنی نے بھی بچوں کو جلانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ ملزم کے خلاف بلا تاخیر سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔