حرا قتل کیس منطقی انجام کو پہنچ گیا، مقتولہ کا بہنوئی ہی قاتل نکلا

Last Updated On 24 November,2019 09:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دو روز قبل گلبرگ میں قتل ہونے والی دلہن حرا کا کیس منطقی انجام کو پہنچ گیا، مقتولہ کا بہنوئی ہی قاتل نکلا۔

دنیا نیوز کے مطابق گلبرگ کے علاقے گورو مانگ روڈ پر قتل ہونے والی حرا کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے مقتولہ کے قاتل اور سگے بہنوئی کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عدنان نے ذاتی رنجش پر حرا کو قتل کیا، ملزم کو حرا اوراسکے موبائل ریکارڈ، ملزم کی لوکیشن سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم مقتولہ کو قتل کرنے کیلئے ایمن آباد سے لاہور آیا تھا۔ ملزم واردارت کے بعد واپس ایمن آباد چلا گیاتھا۔

واضح رہے کہ گلبرگ میں حرا کو شادی سے تین روز قبل قتل کر دیا گیا تھا جبکہ قتل کے شبہ میں پولیس نے مقتولہ کے باپ کو بھی شامل تفتیش کیا تھا،

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ حرا کے والد ریاض حسین گزشتہ رات گھر پہنچے تو پتہ چلا کہ حرا گھر میں نہیں وہ بیٹی کی تلاش میں گھر سے نکلے تو عقبی پارک میں حرا کی لاش مل گئی، نامعلوم افراد اسے گولیاں مار کر فرار ہو گئے تھے ۔

ایف آئی آر کے مطابق حملہ آوروں نے مزاحمت کرنے پر حرا کے والد کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران پولیس نے مقتولہ کو آخری کال کرنے والے شخص کو بھی حراست میں لے لیا تھا اور محلے داروں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے تھے۔