کراچی: اپر گزری میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

Last Updated On 05 November,2019 08:42 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اپر گزری میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق مقتول کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا۔ مقتول کے جسم کے مختلف حصوں پر 13 گولیاں ماری گئیں، واقعہ کی تحقیقات کی جاری ہیں۔آئی جی سندھ نے واقعہ کی تفصیلات طلب کر لیں۔

کراچی کے علاقے اپر گزری کلفٹن تھانے کی حدود میں نامعلوم کار سوار ملزمان کی فائرنگ سے محمد اسحاق نامی شخص جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد ایس ایس پی سائوتھ شیراز نذیر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔

ایس ایس پی سائوتھ نے بتایا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے دونوں افراد سبزی کی دکان پر بیٹھے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ واقعہ ابتدائی طور پر ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔ فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق و زخمی کا تعلق بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ سے ہے۔ لاش اور زخمی کو جناح ہاسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقتول اسحاق کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ایم ایل او ڈاکٹر شیراز کے مطابق مقتول کے جسم کے مختلف حصوں پر تیرہ گولیاں ماری گئیں، سر اور چہرے پر لگنےوالی گولیاں وجہ موت بنیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔