کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری، غیر قانونی تعمیرات مسمار

Last Updated On 08 January,2019 06:17 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ سیل نے کورنگی اور نارتھ ناظم آباد میں ہیوی مشینری کے ذریعے کارروائیاں کیں۔ غیر قانونی تعمیرات، نالے پر بنیں دکانیں اور تجاوزات مسمار کر دی گئیں۔

کراچی میں غیرقانونی تعمیرات اور دکانوں کی شامت آ گئی۔ کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ سیل نے آج بھی مختلف علاقوں میں خوب توڑ پھوڑ کی۔ ضلع کورنگی میں کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ سیل کا عملہ پہنچا اور سات ہزار روڈ پر آپریشن کیا۔

کارروائی میں نالے پر بنیں نو دکانیں گرا دی گئیں جبکہ دیواریں اور چبوترے بھی مسمار کر دیے گئے۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر نارتھ ناظم آباد ناگن چورنگی پر بھی فٹ پاتھ پر بنیں دکانیں، چبوترے اور دیگر تجاوزات منہدم کی گئیں۔ اینٹی انکروچمنٹ حکام کے مطابق تجاوزات کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔