راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کو ہوش آگیا، پولیس کے ہمراہ اہم تجارتی علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن شروع کردیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے پروٹوکول کے دوران تجاوزات کے معاملے کے بعد میونسپل کارپوریشن نے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن شروع کردیا۔پولیس کے ہمراہ موچی بازار، لال حویلی روڈ، اقبال روڈ اور اس سے ملحقہ بازاروں میں آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران خوانچے، چھابے اور ریڑھیوں کو بھی قبضہ میں لے لیا گیا اور سارا سامان ٹی ایم اے آفس منتقل کر دیا گیا۔ ٹریفک پولیس بھی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی پارکنگ کے خلاف متحرک ہوگئی ہے۔