لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے سابق ریڈ بال ٹیم کوچ جیسن گلیسپی کی جانب سے بقایا جات کی عدم ادائیگی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیسن گلیسپی خود چھوڑ کر گئے، انہیں 4 ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم بورڈ کو ادا کرنی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سابق کوچ جیسن گلیسپی نے سیٹلمنٹ کیلئے خط لکھا تھا جس پر انہیں کنٹریکٹ کی خلاف ورزی اور بقایا جات کا بتا دیا گیا تھا۔
پی سی بی نے کہا کہ جیسن گلیسپی خود چھوڑ گئے، کنٹریکٹ کے مطابق انہیں 4 ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم بورڈ کو ادا کرنی ہے، معاہدے کے مطابق گلیسپی کو برطرف کرتے تو 4 ماہ کی تنخواہ ادا کی جاتی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ سابق کوچ جیسن گلیسپی کی باتیں بے بنیاد ہیں، انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کئی ماہ کی تنخواہ نہیں دی مگر ان کا یہ الزام بے بنیاد ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پی سی بی کی جانب سے جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے اسسٹنٹ کوچ ٹم نیلسن کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر اس وقت کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی پی سی بی سے ناراض ہو گئے اور انہوں نے جنوبی افریقہ جانے سے انکار کر دیا تھا۔