راولپنڈی :(دنیا نیوز) پی ایس ایل سیزن 10میں پشاور زلمی نے پہلی جیت اپنے نام کرلی ۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120رنز سے شکست دے دی، پشاور زلمی کے 228رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 107 رنز بنا سکی۔
خیال رہے پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پشاور زلمی کی قیادت بابر اعظم جبکہ ملتان سلطانز کی سربراہی محمد رضوان کررہے تھے۔
ملتان سلطانز بیٹنگ
ملتان سلطانز کی پوری ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے دیئے گئے 228 رنز کے تعاقب میں 15.5 اوورز میں 107 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، عثمان خان واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے 44 رنز بنائے ان کے علاوہ شائے ہوپ نے 20 جبکہ کپتان رضوان نے 15 رنز بنائے جبکہ ٹیم میں ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
ملتان سلطانز باؤلنگ
پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا نے انتہائی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عارف یعقوب نے 3 اور مچل اوون نے 2 کھلاڑوں کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی بیٹنگ
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے جس میں ٹام کوہلر 52 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ محمد حارث نے 45 ، عبدالصمد نے 40 ، حسین طلعت نے 37 ، مچل اوون نے 34 رنز کی اننگ کھیلی ۔
پشاور زلمی باؤلنگ
ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ولی ، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ افتخار احمد نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے شائقین کرکٹ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع کر رہے تھے، تاہم پشاور زلمی کے باؤلرز کی شاندار کارکردگی نے کسی بھی بیٹر کو وکٹ پر جم کر نہ کھیلنے دیا۔