چیمپئنز ٹرافی: پاکستان نے سست ترین بیٹنگ کا ناپسندیدہ ریکارڈ بنا ڈالا

Published On 20 February,2025 11:48 am

کراچی: (دنیا نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف سست ترین بیٹنگ کا ناپسندیدہ ریکارڈ بنا ڈالا۔

بدھ کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں پہلے 10 اوورز پر مشتمل پاور پلے میں صرف 22 رنز بنائے اور 2 وکٹیں گنوائیں، یہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے میچ کے پہلے پاور پلے میں کم ترین سکور ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کا اب تک کا سب سے کم ترین پاور پلے سکور بھی نیوزی لینڈ کے خلاف ہی ہے جب 2018 میں پاکستان نے پہلے 10 اوورز میں صرف 9 رنز بنائے تھے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے قومی ٹیم بالخصوص بابراعظم پر سخت تنقید کی جارہی ہے، بابر اعظم کی سست اننگز پر شائقین سخت نالاں نظر آرہے ہیں۔