کراچی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہرمیچ ہمارے لیےاہم ہے، کوشش ہوگی باقی تمام میچز میں کامیاب ہوں۔
نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ مخالف ٹیم نے توقع سے زیادہ بڑا ہدف دیا، ہم نے سوچا تھا کہ وہ 260 کے قریب رکیں گے، خاص طور پر جب ہم نے شروع میں وکٹیں حاصل کیں، لیکن ولی یانگ اور لیتھم کی پارٹنرشپ نے میچ کا رخ بدل دیا۔
رضوان نے تسلیم کیا کہ نیوزی لینڈ نے ہوشیاری سے بیٹنگ کی، جس کی وجہ سے وہ بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہوئے، وکٹ شروع میں بیٹنگ کے لیے آسان نہیں تھی لیکن ینگ اور لیتھم کی اننگز نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی لیکن آخری اوورز میں ہماری گیندبازی کی کارکردگی اچھی نہیں رہی اور اسی وجہ سے وہ بڑا سکور بنانے میں کامیاب ہوئے، فخر زمان کی انجری کے حوالے سے رضوان نے کہا دیکھتے ہیں سکین کی رپورٹ کیا کہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم نے دو بار اپنا ردھم کھویا، پہلے باؤلنگ کے آخری اوورز میں اور پھر بیٹنگ کے پاور پلے میں، جہاں فخر زمان کا نہ ہونا ایک بڑا نقصان ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ کراچی میں ہونیوالے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔