شکست کو بھلا کر بھارت کیخلاف نئی منصوبہ بندی کیساتھ میدان میں جائینگے: سلمان آغا

Published On 19 February,2025 11:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے شکست کو بھول بھارت کے خلاف نئی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں جائیں گے۔

آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے ابتدائی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ سینئر بلے فخر زمان کے ان فٹ ہونے سے ہم پاور پلے کا فائدہ نہیں اٹھاسکے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی ٹیموں کے خلاف کامیابی پانے کے لیے ہمیں اپنے کھیل میں مستقل مزاجی لانے کی ضرورت ہے اور ہمیں لمبی اننگز کی عادت ڈالنا ہوگی، ہمیں ایک میچ جیتنے اور دوسرا ہارنے کے سلسلے کو ختم کرنا پڑے گا، مڈل آرڈر میں ہمارے بولرز وکٹ نہیں لے رہے ہیں، اس پر بھی کام کی ضرورت ہے۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو ہم 270 سے 280 رنز تک محدود رکھنا چاہتے تھے تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ آخر میں ہماری بولنگ زیادہ بہتر نہ رہی جبکہ بیٹنگ میں اچھا آغاز نہ ملنے کے سبب ہدف تک نہ پہنچ سکے اور پوری اننگز میں ایک بھی اچھی پارٹنر شپ نہ بن سکی۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ ہمیں جیسا کھیلنا چاہیے تھا ویسا کھیل پیش نہیں کرسکے، مجموعی طور پر ہماری بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی خراب رہی اور بہت ساری خامیاں سامنے آئیں جن کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔