اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے مہمان کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو درکار سکیورٹی وسائل مہیا نہیں کیے گئے، وسائل اور اخراجات کی فراہمی پی سی بی کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی پولیس کے حکام نے موقف اپناتے ہوئے مزید کہا کہ ہمارے پاس جیمرز بھی نہیں ہیں، مردم شماری، آٹا فراہمی اور ماہ رمضان ڈیوٹیوں پر بھی پولیس مصروف ہے، سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس میں پی سی بی کو آگاہ کیا جا چکا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزات داخلہ سے وسائل کی فراہمی کی درخواست کر دی ہے، وسائل کی فراہمی پر مہمان کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو وسائل مہیا ہونے پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 14، دوسرا 15 اور تیسرا میچ 17 اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا، چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں ہو گا، اس کے بعد ون ڈے سیریز کے دو میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔