لاہور : ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر صائم ایوب نے کہا ہے کہ سابق قومی کھلاڑی سعید انور لیجنڈ ہیں، ان کی ویڈیوز دیکھی ہیں اور میں ان کی طرح بننے کی کوشش کرتا ہوں ۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ کے پہلے تربیتی سیشن سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب کا کہنا تھا کہ سعید انور کا ایک نام ہے، وہ پاکستانی کرکٹ کے لیجنڈ ہیں، اُن کی طرح بننے کی کوشش کرتا ہوں اور میں لیفٹ ہینڈ بیٹرز کی ہی ویڈیوز دیکھتا ہوں۔
بائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز نے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ قومی ٹیم میں کوئی بھی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
صائم نے کہا کہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا تجربہ اچھا رہا اور میری پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیلنے کی خواہش پوری ہوئی، میں اپنی دوسری بین الاقوامی سیریز کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں، پاکستان ٹیم میں جو بھی کردار ملے گا میں اس کے لیے تیار ہوں، گراؤنڈ میں اترتا ہوں تو اعتماد ہوتا ہے کہ میں اچھا کھیلوں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) میں بابر اعظم کی کپتانی میں بہت انجوائے کیا، کپتان بہت اعتماد دیتے ہیں جس سےحوصلہ افزائی ہوتی ہے، ان کے ساتھ اب تک کا سفر اچھا رہا ہے امید ہے آگے بھی اچھا رہے گا۔