لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے کہا ہے کہ کافی وقت کے بعد آرام کا موقع ملا جس کا اب فائدہ ہوگا، تازہ دم ہو گیا ہوں، مسلسل کرکٹ کھیل رہے تھے، انرجی لیول بہتر کیا اور مسلز کو آرام ملا ہے۔
حارث رؤف نے کہا کہ اب کوشش ہے کہ کرکٹ سکلز پر کام کروں اور مزید بہتر کروں، جب میدان میں ہوں تو ہر میچ میں 100 فیصد دینا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کافی اہم سیریز ہے، 5 ون ڈے اور 5 ٹی 20 ہیں، دونوں سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، ورلڈکپ آ رہا ہے ، ون ڈے سیریز اہم ہے، اس سیریز سے ہمیں تیاری کا موقع ملے گا۔
حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ہم ایسا نہیں سوچتے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں بڑے نام شامل نہیں، نیوزی لینڈ نے ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی شامل کیے ہیں، وہ انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلرز میں مقابلہ بڑھ رہا ہے، پاکستان کے لیے بیک اپ میں فاسٹ باؤلرز کا ہونا اچھی بات ہے، احسان اللہ کا آنا بھی اچھا ہے، دنیا پاکستان کے پیس باؤلرز کی تعریف کرتی ہے۔
حارث نے کہا کہ ون ڈے سیریز سے کوشش کروں گا مزید سیکھوں اور جہاں مجھے بہتر ی چاہیے اسے بہتر کروں، کوشش ہو گی جو سیکھوں وہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں کام آئے، ایشیا کپ سے پہلے بھی ہماری ایک ون ڈے سیریز ہے تو اچھی تیاری ہو جائے گی۔
قومی فاسٹ باؤلر نے کہا کہ کوشش کرتا ہوں کہ بیٹنگ کو بہتر کروں جس طرح شاہین آفریدی نے بہتر کی ہے، ویسے بھی ایک دو چھکے لگا لیتا ہوں، شاہین آفریدی جب بیٹنگ کے لیے جاتے ہیں تو میں کہتا ہوں کہ میں بھی بیٹنگ کر لیتا ہوں، ہم ایک دوسرے سے گھلتے ملتے، اکٹھے رہتے اور مذاق کرتے ہیں۔