لاہور: (ویب ڈیسک) سابق برطانوی کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر ایلن ولکنز نے انگلش لیگ دی ہنڈرڈ میں شامل ہونے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور شاہین آفریدی کے لیے اردو میں خصوصی پیغام جاری کر دیا۔
گزشتہ دنوں انگلش کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ کی ڈرافٹنگ مکمل ہوئی، پاکستان کے متعدد کھلاڑی لیگ کا حصہ بن گئے۔
دی ہنڈرڈ لیگ میں فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی پاکستان کے سب سے مہنگے کھلاڑی رہے، ویلش فائر نے شاہین کو ایک لاکھ پاؤنڈ میں پک کیا تھا، اس کے علاوہ حارث رؤف بھی 60 ہزار پاؤنڈ میں ویلش فائر کا حصہ بنے۔
شاہین اور حارث کے ویلز کی ٹیم میں شامل ہونے پر معروف کمنٹیٹر ایلن ولکنز نے سوشل میڈیا پر پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے اردو میں پیغام جاری کیا۔
ایلن ولکنز نے لکھا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان کے دو عظیم فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور حارث رؤف اس سال میرے ملک ویلز کی ٹیم کے لیے دی ہنڈرڈ لیگ میں کھیلیں گے ۔
Mujhe yeh jaan kar be had khushi hui ha ke Pakistan ke do azeem fast bowlers @iShaheenAfridi aur @HarisRauf14 iss saal mere mulk (Wales) ki team ke liye The Hundred main khelain ge. "Welsh Fire" ab aik buhat mazboot team lag rahi hai. @MazherArshad #WelshFire @bazidkhan81 pic.twitter.com/Q9AItIiuvP
— Alan Wilkins (@alanwilkins22) April 4, 2023
انہوں نے کہا کہ ویلش فائر اب ایک بہت مضبوط ٹیم لگ رہی ہے۔
واضح رہے کہ حارث اور شاہین کے علاوہ اوول انونسیبلز نے فاسٹ باؤلر احسان اللہ کو 40 ہزار پاؤنڈ میں پک کیا جبکہ شاداب خان کو ایک لاکھ پاؤنڈ میں برمنگھم فینکس نے ری ٹین کیا تھا۔
ڈرافٹنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو کسی ٹیم نے پک نہیں کیا تھا جبکہ دی ہنڈرڈ لیگ کا آغاز یکم اگست سے ہوگا۔