لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے ممکنہ کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے سلیکشن کمیٹی نے کپتان بابراعظم سے مشاورت مکمل کر لی، ٹیم کا اعلان پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی منظوری کے بعد کسی بھی وقت کردیاجائے گا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سلیکشن کمیٹی اور بابراعظم کے درمیان طویل نشست ہوئی جس میں ٹی20 اور ون ڈے سیریز کے کھلاڑیوں کے ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں نیوزی لینڈ کی سیریز کے ساتھ ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کے پول کے حوالے سے بھی ابتدئی بات چیت کی گئی۔
ایشیاکپ اور ورلڈکپ کے پیش نظر ون ڈے ٹیم میں اب مزید کوئی تجربات نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، اس سلسلے میں سلیکشن کمیٹی ٹیم ڈائریکٹر اور کسنسلٹنٹ مکی آرتھر کی رائے بھی معلوم کرے گی۔
شارجہ میں افغانستان کے خلاف تین ٹی20 میچز کی سیریز میں بابراعظم کو سلیکشن کمیٹی نے ریسٹ دیا تھا تاہم اس سیریز میں وہ ایک بارپھر ایکشن میں ہوں گے، بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف بہترین سکواڈ میدان میں اتارنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
کپتان کی رائے کے مطابق سلیکشن کمیٹی ایک ایسا کمبی نیشن تیار کررہی ہے جس میں نوجوان اور سینئرز کھلاڑی شامل ہوں، گزشتہ سیریز کے نظر انداز اور پی ایس ایل میں سب سے زیادہ شکار کرنے والے فاسٹ باؤلر عباس آفریدی کو بھی موقع دیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کردہ قومی کھلاڑی 7 اپریل کو لاہور میں کیمپ کے لیے رپورٹ کریں گے۔