لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے تجربہ کار ساؤتھ افریقی لیگ سپنر عمران طاہر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا جاری ایڈیشن باؤلرز کے لیے بہت مشکل رہا کیونکہ زیادہ تر مقامات پر پیش کردہ حالات نے بمشکل باؤلرز کا ساتھ دیا۔
عمران طاہر نے کراچی کنگز کے آخری پی ایس ایل 8 فکسچر کے اختتام کے بعد مختصراً ایک انٹرویو میں جیت کے نوٹ پر ٹورنامنٹ ختم کرنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹورنامنٹ میں جیت پر ختم کرنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے، مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اس کی بہت ضرورت بھی تھی، ہمیں ایک اچھے نوٹ پر ختم کرنے پر بہت خوشی ہے۔
تجربہ کار سپنر نے کہا کہ پی ایس ایل کا مشاہدہ کیا جائے تو مجھے لگتا ہے کہ اس بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے، یہ باؤلرز کے لیے مشکل تھا، جیسا کہ آپ پورے پاکستان میں دیکھتے ہیں، کراچی اور پنڈی میں ہمارے لیے سخت حالات تھے کیونکہ وہاں اوس تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وکٹوں پر سپنرز کے لیے گیند کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن یہ ایک بہت اچھا تجربہ رہا، میں یہ نہیں کہوں گا کہ یہ میرا پسندیدہ پی ایس ایل ایڈیشن تھا لیکن یہ ضرور ہے کہ ہم جیت کے ساتھ ایونٹ میں اپنا سفر ختم کرنا چاہتے تھے۔