لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کیلئے کوششیں کرنے لگے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے حوالے سے بی سی سی آئی صدر سارو گنگولی سے بات ہوئی ہے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میری سارو کنگولی سے بات ہوئی ہے اور میں ان کو یہی بتاتا ہوں کہ 3 کرکٹرز ہیں جو اس وقت بورڈز کا حصہ ہیں تو میں نے کہا اگر ہم کوئی فرق نہیں لاسکے تو فائدہ کیا ہے۔ پاکستان اور انڈیا سیریز کے درمیان انڈین کرکٹ بورڈ کو درپیش ’مصلحتیں‘ حائل ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ گنگولی کی جانب سے دو مرتبہ انہیں آئی پی ایل میں مدعو کیا گیا ہے۔ اس وقت دراڑیں ہیں جن کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ یہ سیاسی مسئلہ ہے، کرکٹ کا مسئلہ ہوتا تو اب تک حل ہوچکا ہوتا۔
چیئرمین پی سی بی نے رواں برس اکتوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق آسٹریلوی بیٹر میتھیو ہیڈن کو دوبارہ پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ میتھیو ہیڈن کو ہم دوبارہ انگیج کریں گے ورلڈ کپ کے لیے کیونکہ لوکل معلومات کا فائدہ ہوتا ہے۔