لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز نے آئندہ مالی سال کے لیے 15 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی جبکہ کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑی کی تعداد میں اضافے اور معاوضوں میں اضافہ کر دیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 69 واں اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہوا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں طے پایا کہ منظور شدہ بجٹ کا 78 فیصد حصہ کرکٹ سے متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے گا جس میں مینز اور ویمنز کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ، بین الاقوامی اور ڈومیسٹک ایونٹس سمیت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 اور پاکستان جونیئر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کے انعقاد بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب بورڈ آف گورنرز نے ملازمین کے بچوں کی تعلیم کے لیے سکولنگ الاؤنس بھی متعارف کروانے کی منظوری دے دی ۔
BoG approves PKR15billion 2022-23 budget with 78 per cent allocated to cricket activities
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) June 24, 2022
More details https://t.co/R7BJ7kHezG
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے مینز سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ریڈ اور وائٹ بال کے علیحدہ علیحدہ کنٹریکٹس کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 33 کردی گئی جبکہ ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے پر دستک دینے والے کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ میں اضافی کیٹیگری ’ڈی کیٹیگری‘ متعارف کروائی گئی ہے۔
پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ماہانہ وظیفے میں اضافے کے ساتھ ساتھ تینوں طرز کی کرکٹ کی میچ فیس میں 10، 10 فیصد ،نان پلیئنگ پلیئرز کی میچ فیس میں 50 سے 70 فیصد اضافہ کیا ہے جب کہ کپتان کے لیے خصوصی الاؤنس بھی متعارف کروایا گیا ہے۔
ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت ایلیٹ کھلاڑیوں کے لیے خصوصی رقم مختص کی گئی ہے تاکہ وہ مکمل فٹ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے لیے دستیاب رہیں۔
اس کے علاوہ پی سی بی نے ویمن سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ہر کیٹیگری میں شامل ویمن کرکٹر کے ماہانہ وظیفے میں 15 فیصد اضافہ کردیا ہے اور کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 25 کرنے کی منظوری دی گئی۔