لاہور : (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا انگلش کاؤنٹی ٹیم وورسٹرشائر سے معاہدہ ہوگیا۔
وورسٹرشائر کاؤنٹی کے مطابق 22 سالہ پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو کاؤنٹی چیمپئن شپ میں آخری 6 میچز کے لیے سائن کرلیا گیا ہے، پاکستانی فاسٹ باؤلر 11 جولائی کو مڈل سیکس کیخلاف اپنا پہلا میچ کھیلیں گے۔
وورسٹرشائر کے ہیڈ کوچ ایلیکس گُڈمین نے کہا ہے کہ اظہر نے محمد حسنین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ایسا باؤلر جو 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرواسکتا ہو ٹیم کے لیے کافی مفید ہوگا۔
انگلش کاؤنٹی ٹیم کے ساتھ معاہدے پر محمد حسنین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں سیکھنے کو بہت کچھ ملے گا۔
محمد حسنین نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے وہ اپنی فارم میں واپس آنے کے لیے زیادہ سے زیادہ فرسٹ کلاس میچز بھی کھیلیں۔