لاہور: (روزنامہ دنیا) آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
کیمپ میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کی آمد آج سے شروع ہوگی۔ ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی زیر نگرانی کیمپ 22 فروری تک جاری رہے گا۔ سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف بیٹنگ کوچ ہوں گے۔ کیمپ کے اختتام پر اگلے روز پاکستان سکواڈ میں شامل کھلاڑی اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔
24 فروری سے سہ روزہ قرنطینہ کے بعد 27 فروری سے اسلام آباد میں ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔ پی ایس ایل 7 سے فارغ ہونے والے کھلاڑی ٹیسٹ سکواڈ میں شمولیت کے بعد 3 روز آئسولیشن میں رہیں گے جبکہ فائنل کھیلنے والے کھلاڑی قرنطینہ کئے بغیر 28 فروری کو براہ راست بائیو سکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے۔
دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سڈنی میں آئسولیشن کے بعد بذریعہ چارٹرڈ پرواز 27 فروری کو اسلام آباد پہنچے گی اور ایک روز کے قرنطینہ کے بعد راولپنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس کریگی۔