آسٹریلین کرکٹرز پاکستان میں کھیلنے کیلئے دن گننے لگے

Published On 07 February,2022 08:17 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) آسٹریلین کرکٹرز پاکستان میں کھیلنے کیلئے دن گننے لگے ۔آسٹریلین بیٹر بین ڈنک اور آل راؤنڈرجیمز فالکنر اپنی ٹیم کو 24 سال بعد پاکستانی سرزمین پر ایکشن میں دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں۔

بین ڈنک کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد پاکستان کا دورہ کینکروز کیلئے شاندار تجربہ ہوگا۔ پرامید ہوں کہ سیریز میں شائقین کو معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا ٹیسٹ کرکٹ کی دو بہترین ٹیمیں ہیں۔ دورے میںمقامی وکٹیں بھی آسٹریلیا سے مختلف ہوں گی جس پر کینگرو ز کی صلاحیتوںکا امتحان ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ آسٹریلین ٹیم آخری مرتبہ 24 سال قبل پاکستان آئی تھی اور وہ بھی اس سال نیشنل انڈر 19 کیساتھ پاکستان آئے تھے ، اس وقت ان کی عمر 14 سال تھی۔

بین ڈنک کے مطابق وہ پی ایس ایل میں شرکت کیلئے لگاتار چوتھے سال پاکستان آئے ہیں، اس عرصے میں وہ یہاں مقامی ثقافت سے کافی حد تک روشناس ہو چکے ہیں تاہم سب سے خاص بات یہاں کرکٹ سے بے حد محبت کرنیوالے مداح ہیں جومیچز دیکھنے بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایوارڈز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بالادستی اور پھر ٹیسٹ کرکٹ میں فواد عالم، بابراعظم اور محمد رضوان کی کارکردگی پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کا عملی نمونہ ہے ۔ اس موقع پرجیمز فالکنر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی ضروری ہے ، وہ ساری دنیا کا سفر کرتے ہیں لہٰذا پاکستان آنابھی کسی صورت مختلف نہیں ہے ۔