لاہور: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بیٹر اظہرعلی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز سنسنی خیز ہوگی۔ اظہر علی کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا کے سابق کپتان سٹیو وا کی بیٹنگ سے بہت متاثر تھے۔
اظہر کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے اوقات کار کے طویل فرق کے باعث راتوں کو جاگ کر پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین میچز دیکھا کرتے تھے۔ وہ ٹو ڈبلیوز (وسیم اکرم اور وقار یونس ) کی رکی پونٹنگ اور ایڈم گلکرسٹ کو کئے جانے والے یادگار باؤلنگ سپیلز کے مداح رہے ہیں۔ کئی میچز میں وسیم اکرم اور وقار یونس نے شعیب اختر کی مدد سے آسٹریلیا کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کیا تھا۔
اظہر علی نے کہا کہ سٹیون سمتھ اور ان کے کرکٹ کیرئیر میں چند مماثلتیں ضرور ہیں مگر وہ جب بھی سٹیو سمتھ سے ملتے ہیں تو ان سے کرکٹ پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو مضبوط ٹیموں کے ٹاکرے کو دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود ہوگی۔