پی ایس ایل سیون، بابر الیون آج اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میدان میں اترے گی

Published On 14 February,2022 08:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل سیون کراچی سے لاہور پہنچ گئی لیکن ناکامیوں کی بلا نے کنگز کا پیچھا نہ چھوڑا، لیگ میں مسلسل چھٹا میچ ہارنے والی بابر الیون آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اِن ایکشن ہو گی۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل سیون کا میلہ، ایونٹ کا 21 واں میچ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا، دونوں ٹیمیں شام ساڑھے سات بجے میدان میں اتریں گی۔

چھ کے چھ میچ ہار کر آخری یعنی چھٹی پوزیشن پر براجمان کراچی ٹیم نے ایک بار پھر کم بیک پر نظریں جما لیں۔ چھ فروری کو ہونے والے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کنگز کو بیالیس رنز سے ہرایا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں سنسنی خیز شکست پر شاداب الیون نے کامیابی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ٹریننگ میں بیٹنگ، بولنگ کی خامیوں کو دور کیا، کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ تماشائی بھی میچ کے انتظار میں بے قرار ہیں۔