کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل جارح مزاج بیٹر احسان علی نے کہا کہ کم بیک کیلئے یہ بہترین وقت ہے اور اگر موقع ملا تو مایوس نہیں کرونگا۔
ایک انٹرویو میں 28 سالہ کرکٹر نے کہا کہ جس طرح اس بار پی ایس ایل سیون میں آغاز ہوا ہے، ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اس سلسلے کو جاری رکھیں۔ حسان علی نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ ایک بار پھر پی ایس ایل میں واپس آئے، اندازہ تھا کہ فارم لگی ہوئی ہے مگر پریشر ضرور تھا مگر ایسے میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ نے اعتماد دیا۔
جارح مزاج بیٹر نے کہا کہ فرسٹ کلاس میں جو پرفارمنس دی تھی اس کی بنیاد پر اعتماد تھا کہ پی ایس ایل میں موقع ضرور ملے گا، یہاں شروع کے میچز میں اچھا پرفارم کیا ہے ، کوشش کروں گا کہ اس سلسلے کو جاری رکھ کر قومی ٹیم میں کم بیک کریں۔ احسان علی نے کہا کہ انڈر 19 کھیلنے کے بعد کرکٹ نہیں مل رہی تھی، 2011 سے 2016 کے درمیان کرکٹ نہ ملنے کی وجہ سے وہ کافی مایوس تھے اور بار بار ذہن میں خیال آتا تھا کہ اب کرکٹ ختم، وہ 5 سال کرکٹ نہ ملنے کی وجہ سے ضائع ہوئے۔