مولانا فضل الرحمان کی اپوزیشن الائنس کا حصہ بننے پر شرائط بارے خبریں بے بنیاد قرار

Published On 21 February,2025 05:43 pm

پشاور:(دنیا نیوز) ترجمان جے یوآئی ف اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی اپوزیشن الائنس کا حصہ بننے پر شرائط بارے خبریں بے بنیاد ہیں۔

اپنے ایک بیان میں  ترجمان جے یو آئی ف کا کہنا  تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن الائنس کا حصہ بننے اور سربراہی حاصل کرنے کیلئے کسی قسم کی کوئی شرائط نہیں رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپوزیشن اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، حکومت جان لے کہ آئندہ چند دنوں کے اندر اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بننے جارہا ہے۔

اخونزادہ حسین یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے خبر نشر کی جو درست نہیں، تحریک تحفظ آئین کا حصہ بننے کیلئے جے یو آئی ف نے نہ کوئی شرط رکھی نہ خیبرپختونخوا حکومت کا حصہ بننے کی۔