وزیراعظم تھریسامے سے ورلڈکپ فاتح ٹیم کی ملاقات

Last Updated On 16 July,2019 09:42 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ورلڈکپ فاتح ٹیم نے ملاقات کی، ٹین ڈاؤن سٹریٹ میں تمام کھلاڑیوں کا استقبال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوانے کا دور بھی چلا۔

کرکٹ کے فاتح عالم بننے والے انگلش کھلاڑی ٹین ڈاؤن سٹریٹ پہنچ گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اوئن مورگن الیون نے وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات کی، وزیراعظم نے قومی کرکٹرز کو ورلڈکپ جیتنے پر مبارکباد دی اور بین سٹوکس سمیت کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو بھی سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم انتہائی خوشگوار موڈ میں نظر آئیں، کہا کہ تاریخی جیت سے عوام کا کرکٹ جیسے ہردلعزیز کھیل سے تعلق اور زیادہ مضبوط ہو گیا ہے، آخر میں ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوانے کا دور بھی چلا۔