ورلڈکپ ختم ہو گیا، انگلینڈ کی متنازع جیت پر بحث زور و شور سے جاری

Last Updated On 16 July,2019 10:23 am

لندن: (دنیا نیوز) ورلڈکپ ختم ہو گیا لیکن انگلینڈ کی متنازع جیت پر "میچ" جاری ہے، اوور تھرو کے چھ نہیں پانچ رنز ملنے چاہئے تھے۔ سابق آسٹریلوی امپائر سائمن ٹافل نے پنڈورا باکس کھول دیا، ضابطے کے مطابق دوسرے رن سے پہلے تھرو کی گئی جس پر چوکا ہوا تھا۔

کرکٹ کا عالمی میلہ میزبان انگلینڈ نے لوٹ لیا، سنسنی خیز فائنل میں اوور تھرو پر پانچ رنز ملنے چاہیں تھے یا چھ، کرکٹ حلقوں میں "میچ" جاری ہے
فیصلہ کن معرکہ، آخری اوور کی تیسری بال پر تھرو کی وجہ سے انگلش ٹیم کو 5 کی بجائے 6 رنز دیئے گئے۔

سابق آسٹریلوی امپائر سائمن ٹافل نے چھ رنز دینے کے فیصلے کو غلط قرار دے دیا، متنازع فیصلے پر ضابطوں کی کتابیں کھل گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ دوسرے رن کے لیے دونوں بیٹسمین بین سٹوکس اور عادل رشید نے کراس نہیں کیا تھا کہ تھرو کر دی گئی۔

یہی تھرو بین سٹوکس کے بلے سے ٹکرا کر باؤنڈری لائن پار کر گئی، ضابطے کے مطابق اوور تھرو کے اس چوکے میں مکمل ہونے والا صرف پہلا رن شامل کیا جائے۔

سابق آسٹریلوی امپائر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی شکست کی ذمہ داری امپائروں پر ڈالنا بھی ناانصافی ہو گی۔ ایک رن کے اضافی سکور نے انگلینڈ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔