پی ایس ایل فائنل میچ کے پانچ سو اور دو ہزار والےٹکٹ چند گھنٹوں میں فروخت

Last Updated On 25 February,2019 03:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پی ایس ایل فور کے فائنل سمیت آٹھ میچز کے ٹکٹ خریدنے کے لئے شائقین کا کھڑکی توڑ رش، کراچی میں فائنل میچ کے پانچ سو اور دو ہزار والے ٹکٹ چند گھنٹوں میں فروخت ہو گئے۔

پاکستان سپر لیگ کا جنون عوام میں دکھائی دینے لگا، پاکستان میں ہونے والے پی ایس ایل میچز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی تو فائنل سمیت آٹھ میچز کے ٹکٹ خریدنے کیلئے شائقین کا کھڑکی توڑ رش دیکھنے میں آیا۔

منچلے صبح سویرے سے ہی نجی کوریئر کی برانچز پر پہنچ گئے۔ تین گھنٹوں میں چودہ ہزار ٹکٹ بک گئے۔ فائنل کے پانچ سو اور دو ہزار والے ٹکٹ مکمل ختم، کوئی صبح سویرے پہنچا تو کسی نے رات سے ہی کورئیر کمپنی کے باہر ڈیرا ڈال رکھا تھا۔

کچھ دوستوں نے قطار میں طویل انتظار کے بعد ٹائم پاس کرنے کیلئے تفریح شروع کر دی۔ شائقین ہی نہیں بچوں کے اصرار پر مائیں بھی ٹکٹ لینے پہنچیں۔ فائنل میچ کے مہنگے ٹکٹ سینٹرز پر محدود ہیں جبکہ آن لائن سات ہزار ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔