پی ایس ایل: پشاور زلمی فاتح، ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست

Last Updated On 26 February,2019 03:01 pm

شارجہ: (دنیا نیوز) پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں زلمی کو جیت کیلئے 146 رنز کا ہدف دیا تھا۔

شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی ہے۔ ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 146 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمر صادق 20، جانسن چارلس 53 اور کپتان شعیب ملک 22 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے انتہائی اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 17 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر باؤلرز میں سمین گل، وہاب ریاض، عمید آصف اور ڈاؤسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پشاور زلمی کی جانب سے 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور کامران اکمل میدان میں اترے، تاہم کامران اکمل جلد ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے صرف چار رنز بنائے۔

اس کے بعد امام الحق نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور آگے بڑھایا۔ امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

دیگر بلے بازوں میں ڈی جے میلان 38، پولارڈ 25 اور ڈاؤسن 18 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ پشاور زلمی کی جیت میں پولارڈ نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں محمد عرفان کے اوور میں لگاتار 4 چھکے مار کر میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔

پشاور زلمی نے انیس اعشاریہ چار اوورز میں صرف پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عرفان نے ایک، جنید خان اور ڈی ٹی کرسچن نے دو دو وکٹیں لیں۔