لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کو ناکام بنانے کی سازش میں بھارت کو منہ کی کھانا پڑی، پلوامہ ڈرامہ کا بہانہ بنا کر نشریاتی معاہدہ ختم کرنے والی بھارتی کمپنی کی جگہ نئی کمپنی سے معاہدہ ہو گیا، آج سے انڈونیشئن پروڈکشن ٹیم اِن ایکشن ہو گی۔
بھارت کو پی ایس ایل میں منہ توڑ باؤنسر، لیگ کو فلاپ کرنے کا خواب چکنا چور، نشریاتی معاہدہ ختم کرنے والی بھارتی کمپنی آئی ایم جی ریلائنس کو منہ کی کھانا پڑی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا انڈونیشئن پروڈکشن کمپنی بلِٹز اینڈ ٹرانز گروپ سے معاہدہ ہو گیا۔ آج سے شارجہ کے تاریخی میدان میں شروع ہونے والے پی ایس ایل میچز کیلئے نئی نشریاتی ٹیم اِن ایکشن ہو گی۔
گرافکس، پریزنٹیشن اور کمنٹری ٹیم میں وہی رنگ نظر آئیں گے، پی سی بی نے پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق محفوظ ہاتھوں میں دے دیئے۔ لیگ کی آسمان کو چھوتی شہرت اور کامیابی سے جل بھن جانے والے بھارتیوں کو جان کے لالے پڑ گئے۔
پلوامہ ڈرامہ کو بہانہ بنا کر غلط پلاننگ پر بھارتی کمپنی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور بھاری ہرجانے کا بھی خطرہ ہے۔ اس سے پہلے پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان اس غیر پیشہ وارانہ رویئے کو بھارتی بورڈ اور آئی سی سی میں اٹھانے کا اعلان کر چکے ہیں۔