کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل، آج زلمی اور کنگز کا جوڑ پڑے گا

Last Updated On 22 February,2019 01:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل فور کے دوسرے مرحلے میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کامیاب ہو گئی۔ ملتان سلطانز کے خلاف چھ وکٹ کی جیت سے ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا میچ ہو گا۔

 

پی ایس ایل میں پہلی بار شامل شارجہ سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کامیابی سمیت لی۔ ملتان سلطانز کے ایک سو اکسٹھ رنز کا ہدف دو وکٹ پر پورا کر لیا۔ سپر سٹار آل راؤنڈر شین واٹسن نے اکسٹھ رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، گیارہ چوکے لگائے، حریف ٹیم کے چھکے چھڑا دیئے۔ ریلی روسو کے ناٹ آؤٹ سڑسٹھ رنز سے گلیڈی ایٹرز کو آٹھ وکٹ کی بڑی فتح ملی، پوائنٹ ٹیبل کی ٹاپ ٹیم نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔

اس سے پہلے ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوور میں نو وکٹ پر ٹوٹل بمشکل ایک سو ساٹھ تک پہنچایا، اوپنر شان مسعود نے سولہ گیندوں پر اٹھارہ رنز بنائے۔ شعیب ملک کے برق رفتار تریپن رنز بھی بیکار ہی گئے۔

آج بھی ایک ہی میچ شیڈول ہے جس میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، رات 9 بجے میدان لگے گا۔ ٹی 20 سپیشلسٹ بابر اعظم پر نظریں ٹھہر گئیں، محمد عامر بھی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ ادھر کامران اکمل مچائیں ہلچل گے اور جنریٹر سٹائل حسن علی حریف بلے بازوں کی بتی بجھائیں گے۔