جعلی رسیدیں جاری کرنے والوں کی شامت آگئی، 2 ریسٹورنٹس سربمہر

Published On 27 October,2024 11:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد نے جعلی رسیدیں جاری کرنے پر 2 ریسٹورنٹس سیل کردیے۔

ایف بی آر کے مطابق پوائنٹ آف سیل ٹریکنگ سافٹ ویئر سے جعلی رسیدوں کی تصدیق ہوئی، دونوں ریسٹورنٹس کو سیل کر کے پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ کردیا گیا۔

ایف بی آر کا کہنا ہےکہ 25 اکتوبر سے پوائنٹ آف سیل انعامی سکیم شروع ہوچکی ہے، پہلے مرحلے میں سکیم اسلام آباد میں ریسٹورنٹس اور ریٹیلرز کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، سکیم کو اگلے ماہ سے پورے ملک تک توسیع دی جائےگی۔

ایف بی آر کے مطابق جعلی رسیدوں کے بارے میں ایف بی آر کو مطلع کرنے والوں کو انعامات دیے جائیں گے، ایف بی آر صارفین کے بینک اکاؤنٹس میں نقد انعامات براہ راست منتقل کرےگا، یہ اہم اقدام جعلی رسیدوں کے رجحان کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔