اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں کشمیری رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے،27اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج مقبوضہ جموں کشمیر میں داخل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں، انسانی حقوق کی بات کرنے والوں کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم نظر کیوں نہیں آتے؟ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کے امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری آج بھی آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں،ظلم اور جبر سے کشمیریوں کی آواز نہیں دبائی جاسکتی،پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا۔
امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ تمام سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر متحد ہے،لاکھوں کی تعداد میں بچے یتیم ہوئے لیکن کوئی ان کی آواز نہیں دبا سکا، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرے۔