لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے میں متبادل انرجی کے طورپر گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیتے ہوئے صوبے میں پراجیکٹ کیلئے جامع پلان طلب کرلیا۔
سیکرٹری انرجی نے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے واٹر کو الیکٹرولائز کر کے آکسیجن اور ہائیڈورجن کو الگ کیا جاتا ہے، پنجاب میں گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ سے 38 ملین ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہو گی، 8 سے 10 ہزار افراد کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلے گرین ہائیڈروجن پراجیکٹ کیلئے لینڈ اور واٹر سپلائی مہیا کی جائے گی، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین سمیت مختلف ممالک میں گرین ہائیڈروجن کا استعمال بڑھ رہا ہے، انڈیا میں بس اور ٹرین جبکہ کوریا میں ہائیڈروجن انرجی پر بحری جہاز چلائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ مستقبل میں متبادل انرجی کے طور پر ہائیڈروجن کا استعمال ناگزیر ہے، گرین ہائیڈروجن ماحول دوست اور بہترین متبادل انرجی ہے۔