لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا ایک اوربڑا فیصلہ،10 سال بعد پنجاب کی 1112 نہروں کی بھل صفائی ہوگی، بھل صفائی 26 دسمبر سے شروع ہوگی اور 20 جنوری تک جاری رہے گی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تمام ڈویژنل کمشنرز کو نہروں کی بھل صفائی کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا ، بھل صفائی کے دوران کمشنرز فیلڈ میں رہیں گے اور تمام امور کی نگرانی کریں گے، بھل صفائی کے ساتھ نہروں کی مرمت پر بھی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نہری پانی کی چوری کی سدباب کے لئے موثر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی افسران پانی چوری کے سدباب کے لئے اپنے متعلقہ اضلاع میں موثرایکشن لیں۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بھل صفائی کے پروگرام اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔