عید الاضحیٰ کے ساتھ ہی چمڑے کے کاروبار میں تیزی

Published On 02 July,2023 12:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عید الاضحیٰ کے ساتھ ہی لاہور میں چمڑے کے کاروبار میں تیزی آگئی، شہر کی چمڑہ منڈی میں قربانی کے جانوروں کی کھالیں بیچنے کیلئے لائی جا رہی ہیں۔

چمڑہ منڈی میں گائے اور بیل کی کھال کا ریٹ 2500 روپے مقرر کیا گیا ہے، بھینس اور کٹے کی کھال 1500 روپے جبکہ اونٹ کی کھال 500 روپے میں فروخت ہور ہی ہے، بکرے کی کھال کا ریٹ 450 روپے، دنبے اور چھترے کی کھال کا ریٹ 100 روپے متعین کیا گیا ہے۔

چمڑہ منڈی کے نائب صدر حاجی نصیر کے مطابق اس سال قربانی کی تعداد میں اضافہ ہوا، مارکیٹ میں چھوٹے جانوروں کی کھالیں زیادہ لائی گئی ہیں، لوگ قربانی کے بعد گوشت تقسیم کرکے کھال یہاں لاتے ہیں، کھال گلنے کا عمل تیزی سے شروع ہو جاتا ہے کیونکہ اس کا پراسیس جلد از جلد کرنا لازمی ہے۔

ادھر بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ گرم موسم اور کھال کو محفوظ بنانے کے عمل میں تاخیر کوالٹی پر شدید اثر انداز ہوتی ہے، چمڑہ منڈی میں قربانی کے جانوروں کی کھالوں کو نمک لگا کر محفوظ بنایا جاتا ہے ۔