اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشرقی ومغربی سرحدوں پر معمور افواجِ پاکستان کے بہادر اور جَری جوان آج بھی اپنوں سے دور عید کے موقع پر دفاعِ وطن کیلئے ملک دُشمنوں کے سامنے سینہ سپر ہیں۔
پاک آرمی کے یہ محافظ سیاچن کے برف پوش پہاڑوں سے لے کر بلوچستان کی سنگلاخ چٹانوں تک، سندھ کے تپتے صحراؤں سے لے کر وزیرستان کے پہاڑوں تک اپنی عیدیں سرحدوں کی حفاظت کیلئے قربان کرتے آرہے ہیں۔
شمالی وزیرستان سے پاک فوج کے آفیسرز اور جوانوں کی جانب سے عید الاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قوم کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں، ہم اپنی قوم کی خوشیوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
پاک فوج کے آفیسرز اور جوانوں کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کی ذرخیز سر زمین بہت سی قربانیوں سے حاصل کی گئی ہے جس میں پاک فوج کے آفیسرز اور جوانوں کا خون شامل ہے۔
پاکستانی قوم عید کی خوشیاں بھرپور طریقے سے منائے کیونکہ پاک فوج کے جوان انکی حفاظت کیلئے ہر دم تیار کھڑے ہیں، ہم عید کے موقع پر اپنی ڈیوٹی پر ہیں اور ایسی بہت سی عیدیں قوم کی حفاظت کیلئے قربان کرنے کو تیار ہیں۔