عید الاضحیٰ کا تیسرا روز: قربانی اور دعوتوں کے بعد عوام نے پارکوں کا رخ کر لیا

Published On 01 July,2023 09:04 am

لاہور، کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی قربانی، ملنے ملانے اور دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے، عوام نے سیر وتفریح کیلئے پارکوں اور تفریحی مقامت کا بھی رخ کر لیا ہے۔

ملک بھر میں تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی اجتماعی اور انفرادی قربانی کا سلسلہ جاری رہا۔

خواتین تگڑے ناشتے کے بعد اب دوپہر کے کھانے کی تیاری میں مصروف ہیں، آج بھی خوب دعوتیں ہوں گی جس کیلئے گھروں میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، مہمانوں کی بریانی، کباب، تکے، قورمہ ، کڑاہی سے تواضع کی جائے گی۔

دوسری جانب ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو قربانی کے گوشت میں پیشہ ور کبابیوں کا ذائقہ چاہتے ہیں، اس کیلئے معروف باورچیوں اور کبابیوں کی خدمات پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہیں۔

جن افراد نے عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن قربانی فریضہ سر انجام دے دیا وہ مہمانوں کے استقبال اور عزیز و اقارب سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔

سنت ابراہیمی کی ادائیگی اور مزیدار کھابوں کے بعد بچوں کے ساتھ بڑے بھی آج سیر و تفریح کیلئے پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کر رہے ہیں۔