سندھ ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے میں خیبر پختونخواہ سے پیچھے رہ گیا

Published On 07 June,2021 12:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے میں خیبر پختون خواہ سے پیچھے رہ گیا۔ رواں مالی سال جولائی تا مارچ سندھ نے 77 ارب 44 کروڑ جبکہ خیبر پختون خوا نے 94 ارب روپے خرچ کیے۔

وزارت منصوبہ بندی کی دستاویز کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا مارچ 9 ماہ کے دوران سندھ نے ترقیاتی منصوبوں پر 77 ارب 44 کروڑ روپے خرچ کیے جبکہ اس کے مقابلے میں خیبر پختون خوا نے ترقیاتی منصوبوں پر اسی دوران 94 ارب روپے خرچ کیے۔

دستاویز کے مطابق قومی محاصل سندھ کو 494 ارب روپے جاری کیے گئے جبکہ خیبر پختونخواہ کو 319 ارب روپے منتقل کیے گئے۔ سندھ کا شکوہ کہ اسکیموں کی تعداد 27 سے کم کرکے 6 اور فنڈز کی رقم 27 ارب سے کم کرکے 5 ارب روپے کی جا رہی ہے۔

رواں مالی سال 4963 ارب روپے ٹیکس آمدنی حاصل کرنے کا ہدف تھا لیکن کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹیکس ہدف میں کمی کی گئی ہے اور اب رواں مالی سال ٹیکس آمدنی کا ہدف 4730 ارب روپے کردیا گیا ہے۔ یوں ٹیکس آمدنی کے ہدف میں 233 ارب کی کمی سے وجہ سے صوبوں کو این ایف سی کے تحت قومی محاصل سے 2828 ارب روپے کی بجائے 2696 ارب روپے ملیں گے اور صوبوں کو طے شدہ محاصل سے 132 ارب روپے کم ملیں گے جس میں سندھ کو طے شدہ آمدن سے 32 ارب 40 کروڑ روپے کم ملیں گے۔