فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں سبزیوں اور سبز مصالحہ جات کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچیں جبکہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی ناکامی کا شکار ہیں۔
فیصل آباد میں سبزیوں اور سبز مصالحہ جات کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشرُبا اضافے سے شہری چکرا کر رہ گئے۔ شملہ مرچ کی قیمت 90روپے، گوبھی 110روپے، پھلیاں120روپے، مٹر 160روپے، نیا آلو 100 روپے، ٹماٹر 110 روپے اور لہسن 260، ادرک 430، لیموں کی قیمت 120روپے فی کلوگرام پر جاپہنچی۔ قیمتوں میں اضافے پر شہری انتظامیہ کو کوستے دکھائی دیتے ہیں۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری کہتے ہیں کہ سبزیوں اور سبز مصالحہ جات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائیاں بھی جاری ہیں۔
شہری کہتے ہیں حکام قیمتوں کو کنٹرول کرنا تو درکنار ریٹ لسٹیں آویزاں کروانے میں بھی ناکامی کا شکار ہیں جس سے دکاندار من چاہی قیمتیں وصول کرنے میں مصروف ہیں۔