ریونیو شارٹ فال کیلئے منی بجٹ لانے کی تجویز زیر غور نہیں: شبر زیدی

Last Updated On 02 October,2019 03:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سیّد شبری زیدی کا کہنا ہے کہ امپورٹ بل میں تین ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔ ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کیلئے منی بجٹ لانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امپورٹ میں کمی کے باعث 120 ارب روپے کی کلیکشن کم رہی، درآمدی بل کی وجہ سے کلیکشن میں کمی کو نکالا جائے تو ٹارگٹ سے زیادہ ٹیکس جمع ہوا۔

چیئر مین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ادارے کا ریونیو شارٹ فال 111 ارب روپے رہا، پہلی سہ ماہی میں 963 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا گیا، پہلی سہہ ماہی میں ریفنڈز ٹارگٹ کے مطابق ادا کیے، متوقع ٹیکس ریفنڈ 75 ارب روپے کے تھے۔

سیّد شبر زیدی کا کہنا تھا کہ تاجروں کے ساتھ کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، تاجروں کے ساتھ مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، تاجروں کو دو روز قبل مذاکرات کے لیے بلایا گیا تھا مگر نہیں آئے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کی شرط کو ختم نہیں کیا جائے گا، شناختی کارڈ کی شرط پر ابھی کوئی ایکشن نہیں لیں گے،

چیر مین ایف بی آر ریونیو شارٹ فال کی بڑی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس کی بڑی وجہ درآمدات میں کمی ہے، ابھی ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کیلئے کوئی منی بجٹ لانے کی تجویز زیر غور نہیں، توقع ہے پہلی سہ ماہی کا ریونیو 963 ارب ہو جائے گا۔