دکانداروں کیلئے فکسڈ ٹیکس متعارف کرائے جانے کا امکان: ایف بی آر کا مسودہ تیار

Last Updated On 30 September,2019 11:21 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر نے مسودہ تیار کرلیا، دکانداروں اور ٹریڈرز کے لئے شناختی کارڈ کی شرط ختم نہیں ہوگی جبکہ فکسڈ ٹیکس متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ایف بی آر اور ٹریڈرز کا جلد ایک فارمولے پر متفق ہونے کا امکان ہے، فکسڈ ٹیکس سکیم جلد متعارف کرائی جاسکتی ہے، سالانہ 4 کروڑ کے ٹرن اور پر 1 فیصد فکسڈ ٹیکس جبکہ 4 سے 15 کروڑ کے ٹرن اور پر 2 فیصد فکسڈ ٹیکس ادا کرنا ہوگا مگر شناختی کارڈ کی شرط پھر بھی برقرار رہے گی۔

شناختی کارڈ کی شرط پر کارروائی نہ کیے جانے کی مہلت آج ختم ہو رہی ہے مگر ذرائع نے بتایا کہ دکانداروں اور ٹریڈرز کو تین ماہ کی مزید مہلت دیئے جانے کا امکان ہے جس کے بعد یکم جنوری سے شناختی کارڈ نہ جمع کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔