رواں سال فائلرز کی تعداد میں 7 لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ

Last Updated On 05 September,2019 06:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال میں اب تک 579 ارب روپے ریونیو اکٹھا کیا جا چکا جبکہ فائلرز کی تعداد میں 7 لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی اور اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے ایک سال کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے بریفنگ میں بتایا کہ رواں مالی سال میں اب تک 579 ارب روپے ریونیو اکٹھا کیا جا چکا ہے جبکہ فائلرز کی تعداد میں 7 لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2017ء میں یہ تعداد 1514817 تھی جو کہ اب 2561099 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ڈومیسٹک ٹیکس کلیکشن میں 28 فیصد اضافہ ہوا۔

وزیراعظم کو عوام کا ایف بی آر پر اعتماد بحال کرنے سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ رجسٹریشن، ٹیکس سرٹیفیکیٹ، ٹیکس ریٹرن اور آڈٹ سمیت تمام مراحل کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔ کمپوٹرائزڈ نظام سے ایف بی آر کے اہلکاروں سے شخصی طور پر رابطہ قائم کرنے کی ضرورت کو ختم کیا جائے گا۔