تمام چیف کمشنرز کارکردگی پر نظر ثانی کریں: چیئرمین ایف بی آر

Last Updated On 01 September,2019 10:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئر مین ایف بی آر سیّد شبر زیدی نے تمام چیف کمشنرز کو کارکردگی بہتر بنانے اور ٹیکس وصولیوں میں اضافے سے متعلق تجاویز ایک ہفتے میں جمع کرانے کے احکامات جاری کر دیئے۔

دنیا نیوز کے مطابق چیئرمیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام چیف کمشنرز کو خط لکھا ہے، خط میں تمام افسران کو اپنی کارکردگی پر نظر ثانی کرنے کی کی ہدایت کی گئی ہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ ماضی میں 60 فیصد انکم ٹیکس افسران کی ذاتی کوششوں سے وصول ہوتا تھا جبکہ اس وقت تقریبا 66 فیصد ٹیکس خودکار نظام سے وصول ہوجاتا ہے۔

شبر زیدی کے خط میں مزید لکھا ہے کہ ایف بی آر کے مطابق مالی سال 19-2018ء میں 1400 ارب روپے کا انکم ٹیکس وصول ہوا جس میں سے 65 فیصد یا 960 ارب روپے وِد ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں وصول ہوئے اس لئے تمام چیف کمشنرز سسٹم میں بہتری سے متعلق ایک ہفتے میں تجاویز ایف بی آر میں جمع کرائیں۔