کراچی: (دنیا نیوز) مرکزی بینک کے مطابق معیشیت کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ جاری کھاتوں کے خساروں میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی جولائی سے اگست کے دوران جاری کھاتوں کے خسارے گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے مقابلے میں 1 ارب 56 کروڑ ڈالر کم ہو کر 1 ارب 29 کروڑ ڈالر پر آ گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ابھی جاری کھاتوں کے خسارے معیشت کا 2 اشاریہ 8 فی صد ہیں جو گزشتہ مالی سال میں معیشت کا 5 اشاریہ 5 فی صد تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جاری کھاتوں میں کمی برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے کے ساتھ درآمدات کی حوصلہ شکنی اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث ڈالر اور برآمدات سے ہوئی ہیں۔
دوسری جانب زرمبادلہ ذخائر 15 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 15 ارب 90 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔ مرکزی بینک کے ذخائر 14 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 8 ارب 60 کروڑ ڈالر ہو گئے۔