ٹیکس اقدامات نافذ، 7 ہزار سے زائد پُرتعیش اشیا پر ڈیوٹی میں اضافہ

Last Updated On 01 July,2019 02:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بجٹ میں منظور کئے گئے نئے ٹیکسز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ خواتین کی اشیائے آرائش، گھریلو استعمال اور کھانے پینےکے درآمدی سامان کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوگا۔

ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق امپورٹڈ برینڈ کے پرفیوم، جیولری، چشمے اور کنٹیکٹ لینز بھی مہنگے ہو گئے ہیں۔ رنگ گورا کرنے کی امپورٹڈ کریم، صابن اور شیونگ کے امپورٹڈ سامان پر ڈیوٹی 50 فیصد کر دی گئی ہے۔

امپورٹڈڈ جام، جیلیز، چاکلیٹس اور جوسز کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ امپورٹڈ سگار اور تمباکو پر ڈیوٹی 35 فیصد کر دی گئی ہے۔ پالتو کتوں اور بلیوں کی امپورٹڈ خوراک بھی مہنگی ہو گئی ہے جبکہ امپورٹڈ کافی پر ڈیوٹی 15 فیصد، امپورٹڈ آئس کریم پر 20 فیصد کردی گئی ہے۔

امپورٹڈ شہد، مشروم، ٹن پیک سبزیوں اور پھلوں پر ٹیکس بڑھا کر 10 فیصد کر دیا گیا۔ مکھن، پنیر اور انڈوں پر ٹیکس میں بھی اضافہ ہو گیا۔ امپورٹڈ آٹے، میدے، مکئی اور اسپغول پر بھی اب 10 فیصد ٹیکس لگے گا۔

امپورٹڈ کوکا پاؤڈر، چاکلیٹ پیسٹ، چینی، امپورٹڈ بسکٹ، کیک، پیسٹری اور ڈبل روٹی پر ٹیکس 20 فیصد ہوگیا۔ درآمد کئے گئے بادام، دیگر میوہ جات اور روسٹڈ ڈرائی فروٹ پر بھی اتنا ہی ٹیکس لگے گا۔