’اثاثے ظاہر کرنے کی آخری تاریخ 30 جون، توسیع نہیں ہوگی‘

Last Updated On 13 June,2019 10:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے واضح کر دیا گیا ہے کہ اثاثے ظاہر کرنے کی آخری اور حتمی تاریخ 30 جون ہے جس میں توسیع نہیں ہوگی۔

ٹیکس اکھٹا کرنے والے ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لوگ اپنے غیر ظاہر شدہ اثاثوں اور اخراجات کی معلومات ایف بی آر تک پہنچائیں۔ بجلی، گیس اور تقسیم کار کمپنیوں سے صعنتی، کمرشل گیس اور بجلی صارفین کا ڈیٹا مل گیا ہے جس سے ان لوگوں کی نشاندہی ہوگی جو ٹیکس ادا نہیں کرتے۔

ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمرشل بینک، نادرا اور دیگر ادارے ڈیٹا فراہمی میں تعاون کر رہے ہیں، اس تعاون کا مقصد متعلقہ علاقوں میں دکانوں اور کاروباری سرگرمیوں کے مراکز کی نشاندہی کرنا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بے نامی قوانین کے عملدرآمد کے لئے موثر نظام تشکیل دیا جا چکا ہے۔ یہ نظام یکم جولائی 2019ء سے مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

ایف بی آر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اثاثوں اور اخراجات کو ظاہر کرنے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوگی۔ ان کے ظاہر کردہ اثاثوں کو بھی صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔